ایوان صدر نے پیر کو جاری ایک اعلامیے میں صدر عارف علوی سے منسوب اس بیان کی تردید کی ہے جس کے مطابق جنرل باجوہ اور ان کی ٹیم نے سینیٹ میں اور الیکشن میں بھی عمران خان کی مدد کی تھی۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ صدر عارف علوی سے غلط بیان منسوب کیا گیا۔
ایوان صدر نے کہاکہ بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، صدر کے بیان کو توڑ مروڑ کر خود بناکر پیش کیا گیا۔
یاد رہے کہ پیر کو جنگ اخبار میں شائع ہونے والی ایک خبر میں کہا گیا تھا کہ صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ اور ان کی ٹیم نے سینیٹ میں عمران خان کی مدد کی اور انہوں نے الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کی مدد کی۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ عارف علوی کابیان عمران خان کےخلاف چارج شیٹ ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیری رحمان نے کہاکہ عمران خان اور تحریک انصاف کو ان کے بیان کی وضاحت دینی چاہئے۔ عمران خان آج کل سابق آرمی چیف پر حکومت کے خلاف سازش کا الزام لگا رہے جبکہ ان کے صدر کہہ رہے کہ سابق آرمی چیف نے ہی ان کو سینیٹ اور عام انتخابات میں مدد کی۔
شیری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلے دن ہی اسمبلی کے فلور پر کہا تھا یہ ”سلیکڈ وزیراعظم ہیں“، تاخیر سے ہی صحیح لیکن عارف علوی نے بھی اعتراف کر دیا کہ عمران خان سلیکٹڈ تھے۔ اب یہ ایک طرف اسٹیبلشمنٹ پر الزام تراشی اور دوسری طرف ان کو سیاسی اور انتظامی کردار ادا کرنے کا کہہ رہے۔ عمران خان اداروں کو سیاسی اور انتظامی معاملات میں مداخلت پر اکسا رہے ہیں کہ ماورا آئین کردار ادا کریں اور مجھے اقتدار میں لائیں۔ عمران خان کو بے ساکھیوں پر سیاست کرنے کی عادت پڑ چکی ہے۔ ان کو چاہئے کہ وہ اداروں کو اپنے سیاسی بیانیہ کا حصہ بنانے سے گریز کریں۔