لاہور: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) شہباز گل عملے کو بتائے بغیر اسپتال وارڈ سے غائب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق شہباز گل گزشتہ رات اپنی فائل اور میڈیکل ریکارڈ لے کر اسپتال سے غائب ہوئے، ڈاکٹرز صبح معائنہ کرنے گئے تو پی ٹی آئی رہنما وارڈ میں موجود نہیں تھے۔
سکیورٹی گارڈ کے مطابق شہباز گل کو رات گئے کوئی لینے آیا تھا جب کہ ان کی اسپتال سے غائب ہونے کی رپورٹ سروسز اسپتال کے ایم ایس کو جمع کرادی گئی ہے۔
خیال رہے کہ شہباز گل کو کھانسی اور سانس میں دشواری کی شکایت تھی جس کے سبب وہ 7 دسمبر سے سروسز اسپتال میں زیر علاج تھے۔
دوسری جانب اس ضمن میں پی ٹی آئی میڈیا کوآرڈینیٹر اظہر مشوانی کا کہنا ہے کہ شہباز گل کسی پرائیویٹ ڈاکٹر کو طبی معائنہ کرانے کے لئے اسپتال سے باہر گئے تھے جس کے بعد وہ اسپتال واپس آگئے ہیں۔تاہم اسپتال انتظامیہ کی جانب سے شہباز گل کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی۔