Aaj Logo

شائع 24 دسمبر 2022 01:48pm

کراچی میں شہری سے 50 لاکھ روپے لوٹنے والا ڈاکو نہیں، سیکیورٹی گارڈ نکلا

کراچی کے علاقے ٹیپوسلطان میں شہری سے 50 لاکھ روپے لوٹنے والے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتارکرلیا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ٹیپو سلطان پولیس نے تفتیش کے دوران سراغ لگا کر ڈاکوؤں کے ساتھی سیکورٹی گارڈ کو گرفتارکیا اور گرفتار ہونے والے ملزم خاور خان کی نشاندہی پر 3 ملزمان نے 50 لاکھ روپے لوٹے تھے۔

ایس ایس پی ایسٹ نے کہا کہ واردات (پی ای سی ایچ) سوسائٹی بلاک 6 میں نجی کمپنی کے دفتر کے گیرج میں ہوئی جبکہ کمپنی کے مالک امتیاز احمد نے 16 نومبر کو نجی بینک کی ایف ٹی سی برانچ سے رقم نکلوائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم خاور خان اسی بینک کا سکیورٹی سپروائزر تھا جہاں سے کمپنی کے مالک نے رقم نکلوائی گئی تھی اور خاور خان نے کمپنی مالک کے پاس بڑی رقم ہونے کی اطلاع ملزمان کو دی، جس کے بعد دو موٹر سائیکل پر سوار ملزم شاکرعرف شاہد اور دو ساتھیوں نے بینک سے تعاقب کرکے واردات کی تھی۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ملزم خاور خان نے انکشاف کیا کہ واردات میں ملوث مرکزی ملزم شاکرعرف شاہد لانڈھی کی سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہے جبکہ ملزم خاور پہلے بھی واردات میں گرفتار ہو چکا جس کی ملزم شاکرسے جیل میں ملاقات ہوئی تھی۔

ملزم خاورخان نے بتایا کہ واردات سے ایک دن قبل ملزم شاکرعرف شاہد اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایف ٹی سی آیا تھا اور بڑی رقم کی اطلاع دینے کی صورت میں ملزم نے اچھی رقم دینے کی آفردی تھی اور اس کی نشاندہی پر50 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی مگر فون پر صرف 20 لاکھ روپے ہاتھ لگنے کا بتایا گیا۔

ملزم خاور خان نے بیان میں کہا کہ اپنے حصے کی رقم مانگی تو شاکر نے موبائل فون بند کر دیا۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور برقی رابطوں کے شواہد ملنے پر ملزم کا سراغ لگاکر گرفتا ری عمل میں لائی گئی۔

Read Comments