Aaj Logo

شائع 23 دسمبر 2022 07:31pm

وزیراعلیٰ پنجاب بحال، ثابت ہوا کہ گورنر کا نوٹیفکیشن غیر آئینی تھا، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسمبلیاں برحال تحلیل ہونی ہیں، چاہے ہفتے کا وقت لے لیں، اس سے آگے معاملہ نہیں جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جس طریقے سے پنجاب میں منڈیاں لگی ہوئی ہیں، زرداری صاحب اور سندھ کے وزیر پیسوں سے بھرے بیگ یہاں لے کر آئے ہیں اب یہ نہیں چلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ کیس چلے گا چاہے 5 یا 8 دن لگیں، ہم اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے پہلے ہی تیار ہیں، اگلی تاریخ سے پہلے ہی ہم اپنے ممبرز پورے کر کے اعتماد کا ووٹ کرالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج وزیراعلیٰ پنجاب کے بحال ہونے سے ثابت ہوا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا نوٹیفکیشن غیر آئینی تھا اور اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ایک سلیکٹڈ گورنر ایک منتخب وزیراعلیٰ کو گھر نہیں بھیج سکتے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی سے درخواست ہے کہ اسپیکر کے خط پر فوری کارروائی شروع کی جائے، گورنر کو ہٹانے کے اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر حماد اظہر نے کہا کہ ثابت ہوگیا کہ گورنر نے آئین شکنی کی ہے، مارشل لا کے ادوار میں بھی ایسے معاملات قوم کے سامنے نہیں آئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم انڈرٹیکنگ سے متفق نہیں ہیں، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ کورٹ کا یہ کام تھا کہ یہ فیصلہ کرے کہ گورنر یہ آئینی اختیار تھا یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کے جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، آٹھ ماہ میں ہزاروں صنعتیں بند ہوگئی ہیں لیکن ان کے اعصاب پر عمران خان کا خوف سوار ہے کہ انہوں نے پوری معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔

Read Comments