اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کا ترمیمی بل سینیٹ نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن نے احتجاج کے دوران بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح سینیٹ کا اجلاس کا نہیں بلایا جا سکتا۔
بعد ازاں وزیر مملکت شہادت اعوان نے ایوان میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ترمیمی بل پیش کیا جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا، بل فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
ترمیمی بل کے مطابق اسلام آباد کی یونین کونسل کی تعداد 125ہوگئی، میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب براہ راست ہوگا، جن کے لئے ایک ہی ووٹ کاسٹ ہوگا، جب کہ میئر اور ڈپٹی میئر کی نشست خالی ہونے پر دوبارہ انتخاب ہوگا۔
واضح رہے کہ سینیٹ سے قبل قومی اسمبلی میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2022 کثرت رائے سے منظور کیا گیا ہے۔