وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
جمعے کے روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خود کش دھماکا کیا گیا، جس کےنتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں ہونے والے خود کش دھماکے مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کےشہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کردہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم مل کردہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی، دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، ارض پاک کو اس فتنے سے پاک کرکے رہیں گے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ الحمدللہ! قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی سے بے گناہوں کا خون بہانے کا بڑا اور مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا، عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
وزیراعظم نے زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا اور ان کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔
اس موقع پر شہبا زشریف نے شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے اور آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کو غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کو انعام اور تعریفی اسناد دینے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بھی اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
پرویز الہٰی نے دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار عدیل حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی اور کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں شہید پولیس اہلکار کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں خودکش دھماکے کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور باعث تشویش ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے بھی اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گیا، الحمداللہ۔
مریم اورنگزیب نے اسلام آباد پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے عدیل حسین اور ان کے زخمی ساتھی ہیرو ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نجات میں ہی پاکستان کی نجات اور خوش حالی ہے۔
ادھر ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے بھی اسلام آباد خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی اب اسلام آباد تک آپہنچی ہے، جب حکمران عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے میں مصروف ہوں اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی ہو تو ملک کی سیکیورٹی رسک میں پڑ جاتی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد میں خود کش بمبارکی موجودگی بتارہی ہےکہ ملک کس تیزی سے تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پہلے ہی تیزی سے دہشت گردی پھیل رہی تھی، معیشت تباہ اور امن عامہ برباد ہے، یہ ملک کو اقتداراور طاقت کی لالچ میں کس طرف لے کرجا رہے ہیں؟ ۔