ارجنٹینا کی ورلڈ کپ میں تاریخی فتح کے بعد لیونل میسی کی تصویر والے ایک ہزار پیسو کے کرنسی نوٹ جاری کئے جانے کی افواہیں انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں۔
قطر ورلڈ کپ میں میسی کی کارکردگی کے باعث ان کے کلب پی ایس جی نے معاہدے میں توسیع کی اور برازیل کے ماراکانا اسٹیڈیم نے انہیں ہال آف فیم میں اپنے قدموں کے نشانات کے لیے مدعو کیا۔
اس درمیان جمہوریہ ارجنٹینا کے مرکزی بینک کی جانب سے میسی کی تصویر والے کرنسی نوٹ جاری کئے جانے کی خبریں منظر عام پر آئیں۔
ارجنٹینا کے اخبار ال فنانسیرو نے اطلاع دی کہ ملک کے مرکزی بینک نے فیفا ورلڈ کپ کی جیت کا جشن منانے کے لیے ایک میٹنگ منعقد کی ہے۔
میٹنگ میں ورلڈ کپ کی جیت یادگار بنانے کیلئے نوٹوں پر میسی کی تصویر چھاپنے کا موضوع زیر بحث آیا۔
تاہم رپورٹس کے مطابق ارکان نے ”مذاق میں“ میسی کو نوٹوں کی زینت بنانے کا ذکر کیا تھا۔
اخبار نے اطلاع دی کہ میٹنگ کے کچھ ارکان نے جیت پر کوچ لیونل اسکالونی کو خراج تحسین پیش کرنے پر اتفاق کیا، کیونکہ ان کی قیادت میں ارجنٹینا نے کوپا امریکا 2021، فائنل سیما اور ورلڈ کپ جیتا تھا۔
اس خبر کی وجہ سے انٹرنیٹ پر ایک ہزار پیسو کے کرنسی نوٹ پر میسی کی ترمیم شدہ تصویریں گردش کرنے لگیں۔
سنٹرل بینک نے 1978 میں ارجنٹینا کی پہلی ورلڈ کپ جیت کے موقع پر سکے متعارف کروائے تھے، اس لیے امکان ہے کہ حکام قطر کی ورلڈ کپ جیت پر بھی جشن منانے کا فیصلہ کریں۔
ارجنٹینا نے فائنل میں دفاعی چیمپئن فرانس کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ میسی نے دو اور اینجل ڈی ماریا نے ایک گول کیا، جب کہ کائلان ایمباپے کی ہیٹ ٹرک کو چیلنج کیا۔
اضافی وقت کے اختتام پر اسکور بورڈ نے اسکور 3-3 دکھایا، کھیل پنالٹیز میں چلا گیا جہاں مارٹینز نے اپنی مہارت دکھائی اور ارجنٹینا کو فتح سے ہمکنار کیا۔