Aaj Logo

شائع 22 دسمبر 2022 09:23pm

اداروں میں موجود سہولت کار عمران کو انتخابات جتوا سکتے ہیں، بلاول

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قبل از وقت انتخابات ہوئے تو اداروں میں موجود سہولت کار عمران خان کو انتخابات جتوا سکتے ہیں۔

امریکا سے پاکستان واپسی سے قبل کی گئی پریس کانفرنس میں بلاول نے کہا کہ عمران خان انتخابات کا مطالبہ اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں جب تک ان کے سہولت کار اداروں میں موجود ہیں اس وقت تک انتخابات ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فوجی قیادت میں تبدیلی کے بعد اب شاید وہاں عمران خان کے سہولت کار موجود نہ ہوں کیونکہ اب ادارے کی پالیسی بن چکی ہے کہ ہم متنازع نہیں آئینی کردار ادا کریں گے۔

بلاول نے کہا کہ ”لیکن دوسرے ادارے ہیں، اگر انتخابات وقت پر ہوں گے تو وہاں سے بھی عمران کے سہولت کار چلے جائیں گے، اگر الیکشنز وقت پر نہیں ہوں گے تو وہاں پر عمران کے سہولت کار رہیں گے۔“

وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان ان اداروں میں بیٹھے سہولت کاروں سے امید رکھ رہے ہیں کہ اس ادارے میں بیٹھے لوگ ان کے خلاف کیسز میں انہیں بچائیں گے، اس ادارے میں بیٹھے لوگ شاید اتنے نیوٹرل نہ رہیں اور قبل از وقت انتخابات میں عمران خان کو دھاندلی کی صورت میں سپورٹ دیں، اس لیے میرا مؤقف ہے کہ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے گی۔

Read Comments