ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں خاتون جج کو دھمکی دینے کے معاملے پر عمران خان کے خلاف دائر کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف ٹرائل کا آغاز ہوگیا ہے، جس کے تحت سینیر سول جج رانا مجاہد رحیم کی جانب سے عمران خان کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔ عمران خان نے جلسے کے دوران خاتون جج جسٹس زیبا چوہدری کو دھمکی دی تھی۔
اسلام آباد پولیس نے مقدمے کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔
عدالت نے عمران خان کو 18 جنوری کو طلب کرلیا ہے۔
عمران خان نے 20 اگست کو ایف نائن پارک میں احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران شہباز گل پر مبینہ تشدد کیخلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پر کیس کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو نام لے کر دھمکی بھی دی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ، ”آئی جی، ڈی آئی جی اسلام آباد ہم تم کو نہیں چھوڑیں گے، تم پر کیس کریں گے، مجسٹریٹ زیبا چوہدری آپ کو بھی ہم نے نہیں چھوڑنا، کیس کرنا ہے تم پر بھی، مجسٹریٹ کو پتہ تھا کہ شہباز پر تشدد ہوا پھر بھی ریمانڈ دے دیا“ ۔