Aaj Logo

شائع 21 دسمبر 2022 12:50pm

میسی کو گھرلے جانے کے لیے نقلی ٹرافی ملی، تصویر وائرل

قطرمیں ہونےوالے فٹبال ورلڈ کپ فائنل کی سنسنی خیزی شاید ہی کوئی بھولے، فرانس کو شکست دینے والی ارجنٹینا کی ٹیم نے ٹرافی جیتی اور اس کے سُپراسٹار میسی کا ریٹائرمنٹ سے قبل یہ اعزازحاصل کرنے کا خواب پورا ہوا۔

لیکن آپ میں سے بہت کم اس حقیقت سے واقف ہوں گے کہ فاتح ٹیم نے جوش وخروش سے جس ٹرافی کے ساتھ تصاویربنوائیں اور میسی تو بعد ازاں اسی ٹرافی کے ساتھ سوتے بھی پائے گئے، وہ اصلی نہیں نقلی تھی۔

میسی کو اصل ٹرافی نہ ملنے کی وجہ کیا ہے؟

ٹرافی عارضی طور پرفاتح ٹیم کے حوالے تو کی جاتی ہے لیکن درحقیقت رہتی فیفا کے پاس ہی ہے، کیونکہ اصل ٹرافی کو فیفاواپس اپنے پاس رکھ لیتا ہے اور اس کے بدلے متبادل ’ٹورنامنٹ ایڈیشن ٹرافی‘ دی جاتی ہے جسے ’ریپلیکا‘ بھی کہتے ہیں۔

کھیلوں کی عالمی تاریخ میں اس ٹرافی کا اپنا منفرد مقام ہے۔ اسے چھونے کی اجازت بہت ہی کم لوگوں کو دی جاتی ہے جن میں فاتحین اور ریاستی سربراہ شامل ہیں۔

اصل ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو نہ دیے جانے کا فیصلہ 2005 میں کیا گیا تھا، ورنہ اس سے قبل اصل ٹرافی کو متعلقہ فیڈریشن کی ٹرافی کیبنٹ میں ظاہرکیے جانے کے بعد فیفا کو لوٹائی جاسکتی تھی۔ تاہم اس فیصلے کے بعد 2006 کے بعد سے فاتح ٹیموں کو صرف تقریب کے دوران اصل ٹرافی دی جاتی ہے اور پھرواپس لے لی جاتی ہے۔

چمکتی دمکتی سنہری ٹرافی مکمل طور پرسونے کی نہیں بنی ہوتی بلکہ اس پر سونے کا پانی چڑھایا جاتا ہے اور میزبان ملک، مقابلوں کا سال اور فتاح ٹیم کا نام درج ہوتا ہے۔

قصہ یہاں سے شروع ہوتا ہے کہ سال 1970 میں میکسیکو میں ورلڈ کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم 1930 میں ڈیزائن کردہ ٹرافی اپنے ساتھ لائی تھی جو اس سے قبل لندن میں ایک نمائش کے دوران چوری ہو گئی تھی ، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے لندن میں ایک کتے نے مالک کے ہمراہ واک کے دوران ڈھونڈ نکالا تھا۔

لیکن برازیل کے دارالحکومت ریڈی جینیرو میں رکھی جانے والی یہ ٹرافی 1983 میں ایک بار پھرچوری کرلی گئی اور کبھی نہ مل پائی تو فیفا نے1970 میں نئی ٹرافی ڈیزائن کرنے کا مقابلہ کرایا جس میں 53 انٹریز موصول ہوئیں۔

منتخب کردہ ڈیزائن اطالوی سکلپٹرسلویو گازانیگا کا تھا جس نے دکھایا کہ دو انسانوں نے کرۂ ارض کو ہوا میں بلند کررکھا ہے۔ اس کے پیچھے مرکزی خیال یہ تھا کہ دنیا بھی فٹبال کی طرح گول ہے۔

اطالوی ڈیزائنرکی تخلیق کردہ یہ ٹرافی 1974 میں مغربی جرمنی کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں متعارف کروائی گئی جو 18 قیراط سونے سے بنی تھی اور 15 انچ اونچی تھی۔ ٹرافی کا وزن 6 کلوگرام سے زائد ہے اور اس پرفاتح ٹیموں کے نام درج ہیں۔

Read Comments