Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2022 08:02pm

کوئٹہ: مارکیٹ میں ایف آئی اے کے چھاپے پر مشتعل تاجروں کا احتجاج

کوئٹہ کی حوالہ منڈی مارکیٹ میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے کارروائی کی، اس دوران تاجر مشتعل ہوگئے۔

ایف آئی اے کی کارروائی پر مشتعل مظاہرین نے ادارے اور میڈیا کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور سڑک بند کرکے احتجاج بھی شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے مدد کے لئے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی، کارروائی کے دوران مارکیٹ سے ایک کروڑ سے زائد رقم برآمد کی گئی جس میں غیر ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور میڈیا کی ٹیمیں بلڈنگ میں محصور ہوگئیں، مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیسے واپس لیے بغیر نہیں جانے دیں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل (سی بی سی) محمد علی ابڑو کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کرنسی کی کارروائیاں ایک ماہ سے جاری ییں، اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے بعد مختلف مقامات پر 11 چھاپے مارے گئے جس میں 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سی بی سی نے کہا کہ اس ہی سلسلے میں آج بخاری سینٹر میں کارروائی عمل میں لائی گئی، کارروائی میں متعدد دکانوں کو سیل اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا، اس دوران تاجروں نے تعاون نہیں کیا اور کار سرکار میں مداخلت کی۔

محمد علی ابڑو نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے بغیر اجازت نامے کے غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کرتے ہیں، آج کی کارروائی میں ایران، بھارت، چین، ترکی، امریکی ڈالر اور متحدہ امارات کی کرنسی برآمد ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک کروڑ سے زائد غیر ملکی کرنسی اور کچھ گرفتاریاں کی ہیں، کرنسی کم مقدار سہی لیکن کچھ منی لانڈرنگ کی نشاندہی ہوئی ہے، 15 ایجنٹس کے حوالہ ہنڈی میں ملوث ہونے کے شواہد بھی ملے ہیں۔

Read Comments