سابق وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسمبلی توڑنے میں تین دن کی تاخیر ہو سکتی ہے۔
آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ الیکشن سے بھاگ رہی ہے، عدم اعتماد کی وجہ سے اسمبلی تحلیل کرنے میں تین دن تاخیر ہو سکتی ہے، البتہ ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں، 72 گھنٹے سے کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ڈکٹیٹر شپ کے سہارے حکومت میں ہے، انہیں عوام کی کوئی حمایت حاصل نہیں جب کہ فیصلہ عوام کی عدالت میں ہی ہوگا۔
ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے لکھا کہ عدم اعتماد اور اعتماد کے ووٹ کا مقصد الیکشن سے فرار ہے، کل تک رانا ثناء اللہ اور احسن اقبال کہتے تھے اسمبلی تحلیل کرو ہم الیکشن میں جائیں گے اور آج یہ جوتے چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد نا کام ہوگی اور پرویز الٰہی اسمبلی تحلیل کریں گے، عوام کا فیصلہ ہی حتمی ہے۔