الفابیٹ اور گوگل کے چیف ایگزیکیوٹیو آفیسر (سی ای او) سندر پچائی نے انکشاف کیا کہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران کی جانے والی سرچ نے 25 سالوں میں اب تک کا سب سے زیادہ ٹریفک کا ریکارڈ توڑ دیا۔
فائنل کے بعد کی جانے والی اپنی ٹوئٹ میں سندر پچائی نے کہا کہ ”ایسا لگتا تھا جیسے پوری دنیا ایک ہی چیز تلاش کر رہی تھی!“
ارجنٹینا نے اتوار کو فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں دو بار کے چیمپئن فرانس کو پنالٹیز پر 4-3 سے شکست دی۔ اضافی وقت کے بعد میچ 3-3 گول سے برابر رہا، لیونل میسی نے دو اور فرانس کے کائلان ایمباپے نے ہیٹ ٹرک کی اور میسی نے آخر کار ورلڈ کپ ٹرافی اٹھالی ۔
اس سے پہلے کی گئی ایک ٹویٹ میں سندر پچائی نے کہا کہ یہ اب تک کے عظیم ترین کھیلوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے لکھا، ”اچھا کھیلا ارجنٹینا اور فرانس۔ ہیوگو بونیتو۔ کوئی بھی میسی سے زیادہ اس کا حقدار نہیں ہے۔“
میسی نے انسٹاگرام پر ایک تصویری البم شئیر کرتے ہوئے اس کے کیپشن میں لکھا، ”ورلڈ چیمپیئنز! میں نے کئی بار اس کا خواب دیکھا، میں نے اسے اتنی شدت سےچاہا کہ ابھی تک نہیں چھوڑی، مجھے اس پر یقین نہیں آرہا۔ میرے خاندان کا بہت بہت شکریہ، ان تمام لوگوں کا جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور ان سب کا بھی جنہوں نے یقین کیا۔ ہم ایک بار پھر ثابت کرتے ہیں کہ ارجنٹینا کے لوگ جب آپس میں مل کر لڑتے ہیں اور متحد ہوتے ہیں تو ہم اسے حاصل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں جو ہم نے کرنے کا ارادہ کیا تھا۔ میرٹ اس گروہ کا خاصا ہے جو انفرادیت سے بالاتر ہے، یہ ایک ہی خواب کے لیے لڑنے والے تمام لوگوں کی طاقت ہے۔ یہ تمام ارجنٹینا کا خواب بھی تھا… ہم نے یہ کیا! گو ارجنٹینا! ہم بہت جلد ملیں گے۔“
پینتیس سالہ کھلاڑی نے شاندار اور افراتفری سے بھرپور فائنل میں دو گول کیے جو تجسس سے بھرے 120 منٹوں کے بعد 3-3 پر ختم ہوا، اس کے بعد سات بار کے بیلن ڈی آر فاتح نے شوٹ آؤٹ میں اپنا اسپاٹ کِک گول کیا اور ارجنٹینا نے 4-2 سے فائنل جیت لیا۔