مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹرکے نئے سربراہ شاید خود بھی سمجھ گئے ہیں کہ صارفین ان کی نت نئی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں، شاید اسی لیے انہوں نے اپنی نئی ملکیت کو خیرباد کہنے کے لیے سوچا لیکن عین ممکن ہے کہ اس سوچ کا مقصد بھی دوسروں کو زچ کرنا ہی ہو۔
تازہ ترین ٹویٹ میں ایلون مسک نے ایک سروے صارفین کے سامنے رکھتے ہوئے ٹوئٹر کی باگ دوڑمزید سنبھالنے کا فیصلہ اس کے نتائج پرچھوڑ دیا ہے۔
اس سروے میں ایلون نے پوچھا ہے کہ ، “کیا مجھے ٹوئٹرکے سربراہ کی حیثیت سےعہدہ چھوڑنا چاہیے؟ میں اس سروے کے نتائج پرعمل کروں گا۔’
اب بات کی جائے اس انوکھے سروے کے نتائج کی تو جوابات اور تبصرے دیکھ کرلگتا ہے کہ صارفین تو گویا تیار بیٹھے تھے۔
بیشتر نے ایلون کی اس ٹویٹ پرتبصروں میں اپنے دل کی بھڑاس نکالی۔
پاکستانی وقت کے مطابق علی الصبح کی جانے والی اس ٹویٹ کے جواب میں اب تک 56 سے زائد فیصد صارفین ’ہاں‘ اور 43 فیصد سے زائد ’نہیں‘ میں جواب دے چکے ہیں۔
یوں ایلون اگر صارفین کی خواہش پرچلیں تو ان کا ٹوئٹرسے ’چل چلاؤ‘ عین ممکن ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخروہ ایسا کریں گے کیوں۔