ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی پنجاب میں نہ کوئی پہلے سازش کامیاب ہوئی اور نہ اب ہوگی، ملک معاشی لحاظ سے ڈیفالٹ جبکہ ان کا کاروبار روز بروز عروج پا رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آصف زرداری پاکستان کی سیاست میں کرپشن اور بدعنوانی کا استعارہ ہیں، سینیٹ میں ضمیروں کی منڈی لگانا ہو یا قومی اسمبلی میں لوٹے خریدنا، ہمیشہ انہی کی چوری کا مال سامنے آتا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لئے آنے والی امداد تک یہ ضمیروں کا سوداگر ہڑپ کر گیا ہے، ان کی پنجاب میں کوئی سازش نہ پہلے کامیاب ہوئی اور نہ اب ہوگی، جعلساز اتحادی معاشی صورتحال پر افسوس کی بجائے اپنے منہ میاں مٹھو کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ ٹولہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ایک دوسرے کو مقدمات اور کرپشن میں ریلیف دے رہا ہے۔