سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد آسکتی نہ گورنر راج لگ سکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 560 سے زائد سیٹوں پر انتخابات ملکی سیاست کی درو دیوار ہلا دیں گے، خیبرپختونخوا میں دوتہائی اکثریت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو کہتے تھے وہ اسمبلیاں نہیں توڑے گا،اُن کومنہ کی کھانی پڑی، اکیلے عمران خان نے سارے سیاست دانوں کو چت کردیا، جو اپنے آپ کو گرو سمجھتے تھے اور جو عمران خان کو دیوار کے ساتھ لگانا چاہتے تھے وه ہی دیوار اُن پر گرگئی ہے۔
ایک اورٹویٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ہر رکاوٹ حکومت کے گلے پڑے گی، حکومت عوام کی حالت پے رحم کرے، رکاواٹیں مت کھڑی کرے اور نوازشریف کو بلائے، نواز شریف نیو ایئر لندن میں منائیں، بیماری کا بہانہ ختم کریں پاکستان آئیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ پنجاب میں سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے، اس لیے تحریک عدم اعتماد نہیں آسکتی نہ ہی گورنرراج لگ سکتا ہے، قوم الیکشن کی تیاری کرے۔