پنجاب اورخیبرپختونخواہ اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پرسیاسی رابطے اور ملاقاتیں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج دوپہر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ، مونس الہیٰ اورحسین الہیٰ سے ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل گزشتہ رات اسلام آباد میں پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کی اہم ملاقات ہوئی تھی جس کے بعد رات کو ہی مونس نےعمران خان سے ملاقات کی اور انہیں تمام صورتحال سے متعلق اعتماد میں لیا۔
مسلم لیگ ق کی قیادت آج دوبارہ عمران خان سےملاقات میں تمام صورتحال کا جائزہ لے گی۔
واضح رہے کہ پرویز الہی عمران خان کو فوری اسمبلیاں نہ توڑنے کا مشورہ دے چکے ہیں جس کی تصدیق پی ٹی آئی چیئرمین نے ایک بیان میں کی تھی۔
پرویز الٰہی اوران کے صاحبزادے مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسمبلیاں توڑنے کا اختیار عمران خان کو سونپ دیا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آج شام لبرٹی چوک لاہور پر خطاب سے پہلے پارٹی کی سینئر لیڈر شپ سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، پرویز خٹک اور فواد چوہدری کو زمان پارک بلالیا گیا ہے۔