سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ جب بھی انتخابات ہوں گے، پاکستان تحریک انصاف کو زبردست کامیابی حاصل ہوگی۔
آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ پنجاب میں ہماری حکومت کمزور ہے، چودھری پرویز الٰہی حتمی فیصلہ عمران خان کی مرضی سے کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کا خیال ہے کہ لوگوں کو ساتھ ملاکر چلنے سے انتخابات جیتے جاسکتے ہیں، ضرورت پڑی توسندھ اسمبلی سے بھی استعیفیٰ دی گے، لیکن سندھ اسمبلی میں استعیفیٰ دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، مگر عدالتیں خاموش ہیںِ، سلمان شہبازکو ضمانت مل جاتی ہے، عدالتیں خاموش ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پنجاب میں انتخابات ہوتے ہیں تو عمران خان کو ٹو تھرڈ میجارٹی مل جائے گی، رسک ہمیں نہیں امپورٹڈ حکومت کو ہے۔
سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات سے فرار نہیں ہونا چاہتے، لیکن ایسے الیکشن کا کیا فائدہ جس میں کراچی کی آبادی کو آدھا گنا گیا ہو، ساڑھے تین کروڑ کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ ظاہر کیا گیا، اس صورتحال میں الیکشن کرا کر کیا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں حلقہ بندیاں اپنی مرضی سے کی گئی ہے، ایم کیو ایم کی اکثریت والی یوسیز میں 90 ہزار اور دوسری یوسیز میں 20 ہزار کی ووٹر لسٹ بنائی گئی ہے۔ ایم کیو ایم کو ایک دھوکا وفاقی حکومت سینسز کے حوالے سے دے چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، ایم کیو ایم پاکستان سے جو نکل گیا اس کو کراچی کی عوام نے رد کردیا۔