رحوم ٹی وی میزبان اور اسکالرعامرلیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کی گرفتاری پران کی پہلی سابقہ اہلیہ ڈاکٹربشریٰ اقبال کی جانب سے ردعمل سامنے آیا ہے۔
عامرلیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے گزشتہ روز لودھراں میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا۔ دانیہ کو عامرلیاقت کی نازیبا ویڈیوز لیک کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
گزشتہ رات دانیہ کی گرفتاری کے بعد بشریٰ اقبال نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پر دانیہ کا نام لیے بغیر صرف ’اللّہ اکبر‘ لکھا۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس ٹویٹ کے معنی سمجھتے ہوئے اپنے تبصروں میں دانیہ کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔
عامرلیاقت کے انتقال کے بعد دانیہ اور بشریٰ اقبال میں ان کی میت کے پوسٹمارٹم کے معاملے پر بھی شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔
دانیہ شاہ پوسٹ مارٹم کے حق میں تھیں اور اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں کیس بھی دائرکیا، جس پر ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال اور ان کے بچوں نے قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کہا کہ وہ عدالت یا حکام کو پوسٹ مارٹم نہیں کرنے دیں گے۔
رواں سال 9 جون کوانتقال کرجانے والے عامرلیاقت نے جنوری میں دانیہ سے تیسری شادی کی تھی تاہم جلد ہی دونوں میں اختلافات سامنے آئے اوردانیہ اپنے والدین کے گھرچلی گئی تھیں جہاں انہوں نے بہاولپور کی عدالت میں خلع کی درخواست دائر کی۔
عامر لیاقت حسین انتقال سے قبل نجی زندگی میں جاری مسائل اور تیسری اہلیہ سے اختلافات کے باعث سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے تھے۔اسی دوران ان کے بیڈ روم کی کچھ نازیبا ویڈیوزسوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے بعد وہ انتہائی ذہنی دباؤ کا شکارنظرآئے اور سوشل پلیٹ فارمز پرروتے ہوئے ویڈیوبیان بھی جاری کیا۔
عامرلیاقت حسین نے طوبیٰ انورسے خلع کی خبرمنظرعام پرآتے ہی 10 فروری کو انسٹاپوسٹ میں اپنی تیسری شادی کا اعلان کیا تھا۔
طوبیٰ سےعامرلیاقت کی دوسری شادی کی خبر جولائی 2018 میں منظر عام پرآئی تھی جب عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران عامرلیاقت نے دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا۔ اس سے قبل یہ شادی خفیہ رکھی گئی تھی۔عامرلیاقت نے سوشل میڈیا پرگردش کرتی خبروں کے باوجود دوسری شادی کی باقاعدہ تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی ۔
سابقہ پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال سےعامرلیاقت کےدوبچے ہیں۔ سیدہ بشریٰ اقبال بھی اسکالراوردرس وتدریس سے وابستہ ہیں ، اپنا یوٹیوب چینل چلانے کے علاوہ وہ رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی بھی کرچکی ہیں۔