فیملی کورٹ شرقی نے معروف اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے کے درمیان بچوں کی حوالگی اور اخراجات سے متعلق درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔
معروف اداکار فیروز خان کی سابقہ اہلیہ علیزے کے درمیان بچوں کی حوالگی اخراجات سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر دونوں فریقین میں بچوں کے اخراجات سے متعلق صلح نہیں ہو سکی۔
معروف اداکار فیروز خان عدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالتی احکامات پر فیروز خان کو بچوں سے ملاقات کرائی گئی۔
فیروز خان نے علیزے کو واپسی کیے گئے جہیز کے سامان کی فہرست پیش کردی۔
تاہم عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی ۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر فیروز خان اور علیزے سلطان کے وکلاء کی میڈیا سے گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں فیروز خان کے وکیل کا کہنا ہے کہ اداکار کی جانب سے معاملے کو عدالت کے باہر طے کرنے کی پیشکش کی گئی ہے جس کے بعد ایک دو سنوائی میں ہی کیس ختم ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب علیزے سلطان کے وکیل نے کہا کہ فیروز خان کے بچوں کا اسکول میں داخلہ رکا ہوا ہے، دسمبر کا مہینہ شروع ہونے والا ہے، باپ بچوں کا ایڈمیشن نہیں کرواکر دے رہا، ہمارا فیروز سے مؤقف ہے کہ آپ اسکول جاکر بچوں کی ایڈمیشن خود کروادیں ہمیں پیسے نہ دیں لیکن اس کے باوجود نتیجہ بچوں کی تعلیم کا حرج ہے۔
اداکار فیروز خان کی علیزے سلطان سے علیحدگی ہوچکی ہے، اداکار فیروز خان نے اپنے بیٹے سلطان اور بیٹی فاطمہ کی حوالگی کی درخواست دائر کررکھی ہے۔