حکومت پنجاب کے مشیر داخلہ و اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو مشورہ دیا ہے کہ تمام اتحادی جماعتیں ایک ہی انتخابی نشان پر الیکشن لڑلیں، عوام پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو ایک ہی سمجھتے ہیں۔
عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، کرپٹ اشرافیہ قابض رہیں گے یا عوام کی حکمرانی، فیصلے کی گھڑی آن پہنچی ہے۔
عمر سرفراز نے کہا کہ پی ڈی ایم میں جمہوریت ہوتی تو نئے انتخابات کی راہ ہموار کرتے، پوری قوم عمران خان کی پشت پر کھڑی ہے۔
مشیر داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ محلاتی سازشیں اور بیساکھیاں پی ڈی ایم کے کسی کام نہیں آنے والیں، پی ڈی ایم کا سیاسی جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکلنے والا ہے۔