امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی سینٹ کامنڈ کمانڈر نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے، جس کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل مائیکل ایرک کوریلا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
کمانڈر سینٹ کام نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اور وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام اور سلامتی کی صورتِ حال سمیت دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بالخصوص فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جنرل مائیکل ایرک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں، سیلاب سے ریلیف اور علاقائی امن کے لئے کوششوں کا اعتراف کیا۔ وفد طورخم کا دورہ بھی کرے گا، جہاں انہیں انسداد دہشت گردی اور پاکستان افغانستان بارڈر پر بارڈر مینجمنٹ کے امور سے آگاہ کیا جائے گا۔