Aaj Logo

اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2022 03:41pm

این آر او کی گنگا میں سب دھل کر پاک ہورہے ہیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پورا ٹبر چور ہے، بیرونی سازش سے ان کو مسلط کیا گیا، این آر او کی گنگا میں سب دھل کر پاک ہورہے ہیں، اپنا پیسہ چوری کرکے باہر سے پیسے مانگے جارہے ہیں، غلام ذہنوں کی پرواز اونچی نہیں ہوتی، ہمیں اپنی غلطوں کا خود جائزہ لینا چاہیے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے طلباء سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، نوجوان ملک کو وہاں لے کر جائیں گے جہاں جانا چاہیئے تھا، ہم نے مثالی اسلامی ریاست بننا تھا، ہم نے پاکستان کو دنیا میں مثال بنانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دی تھیں، ہم پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد ذہن بڑے خواب دیکھتا ہے، میں نے زندگی میں بہت اونچ نیچ دیکھی ہے، ہمارے ملک پر ذہنی غلام لوگ بیٹھے ہیں، میں نے بات تو مجھے طالبان خان کہا گیا، میں کسی کی غلامی نہیں کرتا، چاہتا ہوں کہ میری قوم کسی کے آگے نہ جھکے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ اپنا پیسہ چوری کرکے باہر سے پیسے مانگے جارہے ہیں، کوئی بھی بھیکاری قوم کی عزت نہیں کرتا، اللہ نے مجھے سب کچھ دیا ہوا ہے میں آپ کے لئے نکلاہوں، ملک لوٹنے والے واپس آگئے، یہ پھر لوٹیں گے، امید ہے تمام طلباء حقیقی آزادی کی تحریک میں شریک ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ جنگل میں طاقتور کمزور پر ظلم کرتا ہے، انسانی معاشرے میں ہر انسان کو برابر حقوق حاصل ہوتے ہیں، انصاف ہوتا ہے تو آزادی ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ میں انصاف نہ ہونے کے باعث غربت ہے، نائیجریا میں تیل ہونے کے باوجود غربت ہے، نائیجریا میں غربت قانون نہ ہونے کی وجہ سے ہے، ہم مقروض ملک ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا میں سول رائٹس موومنٹ یونیورسٹیز میں شروع ہوئی تھی، ویتنام میں طالب علم ہی جنگ کے خلاف کھڑے ہوئے تھے، برطانیہ میں ایران جنگ کے خلاف 20 لاکھ لوگ نکلتے تھے، حق کے لئے آواز بلند کرنا جہاد ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمارے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے، ہمارا وزیراعظم دنیا میں جا کر پیسے مانگتا ہے، سب کے کیسز ختم ہورہے ہیں، نواز شریف بھی پر تول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت روس سے سستا تیل لے رہا ہے، ہماری قوم مہنگائی میں پسی ہوئی ہے۔

Read Comments