لاہور ہائیکورٹ نے راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی تعیناتی کے خلاف درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے شہری منیر احمد کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا۔
درخواست کی پہلی سماعت کے بعد جاری کیے گئے حکم میں قرار دیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں سمیت فریقین 18 جنوری کو جواب طلبی جمع کروائیں، فریقین حکم امتناعی کی درخواست پر بھی جواب داخل کریں۔
درخواست میں اہم قانونی اور آئینی نقاط اٹھائے گئے ہیں تاہم اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدالت کی معاونت کریں۔
درخواست میں راجہ ریاض کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کو چیلنج کیا گیا ہے، درخواست میں اسپیکر کے آئینی کردار ادا نہ کرنے اور اپوزیشن لیڈر کی ممبران کی عددی اکثریت پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔
درخواست میں تحریک انصاف کے ممبران کے استعفے منظور نہ کرنے پر بھی سوال اٹھایا گیا جبکہ درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی کا اپوزیشن لیڈر کے تقرر میں غیر قانونی راستہ اختیار کرنے کی نشاندہی کی گئی ہے۔