Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2022 02:39pm

’وطن واپسی کا احساس پرانا نہیں ہوتا‘، ملالہ شوہر اور والد سمیت پاکستان پہنچ گئیں

ملالہ فنڈ کی شریک بانی اور کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ اور ان کے والد ضیاء الدین یوسفزئی ایک بار پھر دورہ پاکستان پر لاہور پہنچ گئے ہیں۔

ملالہ تعلیم، حکومت، ترقیاتی برادری، میڈیا اور طلباء کے ساتھ ملالہ فنڈ ایجوکیشن چیمپیئن نیٹ ورک کے وکلاء اور شراکت داروں کے ساتھ بات چیت کے سلسلے میں لاہور پہنچی ہیں۔

وطن واپسی پر ملالہ نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ ”وطن واپسی کا شاندار احساس کبھی پرانا نہیں ہوتا۔“

ملالہ کے ساتھ ان کے شوہر ، والد اور والدہ بھی پاکستان پہنچے ہیں۔

ملالہ کے ساتھ آکسفورڈ پاکستان پروگرام (OPP) اور ملالہ فنڈ ٹیم کا ایک نامور تعلیمی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے تاکہ پاکستانی لڑکیوں کے لیے سائنس کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان کے اندر او پی پی کے بارے میں آگاہی بڑھائی جا سکے۔

اس سفر کے دوران، ملالہ یوسفزئی او پی پی کے ساتھ کام پر بھی روشنی ڈالیں گی۔

او پی پی کا مقصد آکسفورڈ اور پاکستان کی تعلیمی برادریوں کو آپس میں جوڑنا ہے، جس میں ملالہ فنڈ، لیڈی مارگریٹ ہال، OPP اور آکسفورڈ کے محکمہ تعلیم کے ساتھ ایک نئی قائم کردہ رفاقت شامل ہے۔

ملالہ وزٹنگ فیلو شپ اِن ایجوکیشن پاکستان میں اساتذہ کے تربیتی کورسز میں سہولت فراہم کریں گی، تاکہ تربیت یافتہ اساتذہ خاص طور پر خواتین کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

لاہور میں ملالہ اور ان کے والد وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سے ملاقات بھی کریں گے جس میں تعلیم اور پاکستان میں ملالہ فنڈ کے کام پر توجہ دی جائے گی۔

Read Comments