Aaj Logo

اپ ڈیٹ 12 دسمبر 2022 09:20pm

کراچی میں تین بھائیوں کے قتل کا معمہ حل

کراچی کے گبول ٹاؤن تھانے کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 16 بی کی ندی میں تین سگے بھائیوں کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا واقعہ علاقے کے منشیات فروش گروہوں کے مابین تنازعے کا شاخسانہ قرار دیا گیا ہے۔

پولیس نے تہرے قتل کی واردات میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے دونوں ملزمان پیشہ ور منشیات فروش ہیں، مقتولین میں سے ایک بھائی اس علاقے میں مبینہ طور پر منشیات فروشی میں ملوث تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق کچھ دن قبل مقتول کا منشیات فروشوں کے ساتھ جھگڑا بھی ہوا تھا۔

تہرے قتل کی واردات کا مقدمہ مقتولین کے چچا علی محمد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا۔

درج ایف آئی آر میں مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ میرے بھائی کے بیٹوں کا تین روز قبل چند لڑکوں سے جھگڑا ہوا تھا، ہمیں شبہ ہے کہ انہی لڑکوں نے میرے بھائی کے تینوں بیٹوں کو اسلحے سے فائرنگ کر کے قتل کیا۔

ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا کہ شدید فائرنگ کی آواز سن کر ہم موقع پر پہنچے تو ملزمان موقع پر سے فرار ہورہے تھے۔

مقتولین کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کی گئی اور تدفین مہاجر کیمپ میں کی گئی۔

قتل کا واقعہ ہفتے کی شب نارتھ کراچی سیکٹرسولہ بی ندی میں پیش آیا تھا جہاں پانچ سے چھ ملزمان نے فائرنگ کر کے تین سگے بھائیوں سعد محمد ، خیال محمد اور نظر محمد کو قتل کردیا تھا۔

Read Comments