وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ پچھلی حکومت کے دور میں ریکارڈ خسارہ اور بھاری قرضوں کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران پیدا ہوا اور مسلم لیگ ن نے پہلے بھی ملک کو مشکلات سے نکالا ہے۔
اسحاق ڈار نے اِن خیالات کا اظہار گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کیا جبکہ دونوں شخصیات نے ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 1999میں ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی دھماکوں کے بعد معاشی پابندیوں کے باوجود اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے ختم کرکے ملک کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ اب بھی وہی تجربہ کار ٹیم ملک میں معاشی بحران ختم کر کے معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہے۔
گورنرپنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیر اعظم، پارٹی اور پوری قوم کی نگاہیں آپ پر ہیں، امید ہے آپ اور آپ کی پوری ٹیم جلد ملک کو معاشی مشکلات سے نکالے گی۔
بلیغ الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک میں جلد ترقی کا سفر نئے عزم اور جذبے سے دوبارہ شروع ہوگا۔