سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کہتے تھے کہ میری سیاست ختم ہوگئی اور اب مسلم لیگ ن آرہی ہے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ جنرل (ر) باجوہ کہتے تھے عمران خان کی سیاست اب ختم ہوگئی، اگلی بار ن لیگ آ رہی ہے جب کہ پی ٹی آئی کو کوئی ٹکٹ لینے والا بھی نہیں ملے گا، خود کو غیر سیاسی کہتے ہیں اور پھر سیاسی بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بتایا گیا عمران خان کو ہٹائیں گے تو مٹائیاں تقسیم کی جائیں گی لیکن ہمیں نکالنے کے بعد عوام سڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے واضح پیغام دیا کہ وہ ان چوروں کے ساتھ نہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ چور اکٹھے ہوئے تو ہمارے مخالف بھی ہمارے ساتھ آگئے، عوام میں ایک غصہ تھا کہ ہماری توہین کی گئی ہے، یہ لوگ 30 سال تک ایک دوسرے کو چور کہتے رہے ہیں، ان کے ری ایکشن میں عوام نے مجھے منتخب کیا۔
دسمبر میں ہی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی
عمران خان نے کہا کہ رانا ثناء کی باتوں کو میں نے کبھی سنجیدہ نہیں لیا، یہ ایک بد معاش اور جرائم پیشہ شخص ہیں۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل سے متعلق سابق وزیراعظم نے کہا کہ دسمبر میں ہی اسمبلیاں تحلیل ہوں گی جس کے 48 گھنٹے بعد نگراں حکومت آجائے گی۔