Aaj Logo

شائع 08 دسمبر 2022 10:50pm

مسلح افواج آئین کے مطابق فرائض سرانجام دینے کیلئے پُرعزم ہیں، صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ مسلح افواج آئین کے مطابق فرائض سرانجام دینے کیلئے پرعزم ہیں جب کہ تمام سیاستدانوں کو جمہوری طریقے سے مذاکرات کے ذریعے سیاسی پولرائزیشن کو کم کرنا چاہیے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ماضی میں سُپر پاورز نے باہمی تباہی کا ڈاکٹرائن اپنایا جس نے دنیا کے وسائل کو مزید مہلک ہتھیاروں کے نظام کی تیاری کی طرف موڑ دیا جبکہ ان وسائل کے ایک معمولی حصہ سے دنیا میں غربت اوربھوک کے خاتمے کے ساتھ ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کوبھی کم کیا جا سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت، فوجی دفاع، اطلاعات و مواصلات کی سکیورٹی اور معاشی خودمختاری ملک کے جامع دفاع کے لیے ضروری عناصر ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آئین تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے خواہ ان کی سماجی حیثیت، دولت یا اثر و رسوخ کچھ بھی ہو، بغیر کسی امتیاز کے فوری اور سستے انصاف کی فراہمی سے ملک کو تیز رفتار بنیاد پر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

عارف علوی نے کہا کہ معلومات قومی سلامتی کا ایک اور اہم عنصر ہے کیونکہ غلط معلومات ملک کو تباہ کرنے اور معصوم آبادیوں کو گمراہ کرنے کے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اثاثوں کو سائبر حملوں سے بچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ملک میں مستقبل میں ہونے والے سائبر حملوں سے نمٹنے کے لیے ایک جامع نظام وضع کیا جائے۔

صدرنے کہا کہ ہمارے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تمام خواہشمند طلبہ کو داخلہ دیا جائے تاکہ ملک میں اعلیٰ تعلیم کے حامل افراد کی تعداد میں اضافہ ہو۔

آبادی میں اضافے کے مسئلہ پرقابو پانے کے حوالے سے صدر علوی نے کہا کہ آبادی پر قابو پانے کے احتیاطی طریقوں سے منسلک ممنوعات کو ختم کرنے اور مانع حمل ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

Read Comments