وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آئین خواتین کی تعلیم کے مساوی حق کو تسلیم کرتا ہے، افغان خواتین کی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں شرکت اعزاز ہے۔
انڈونیشیا میں افغان خواتین کی تعلیم سے متعلق عالمی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر سرمایہ کاری قوم کے مستقبل کی سرمایہ کاری ہے، پاکستان نے 40 سال سے افغان عوام کیلئے اپنا دل کھول رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہزاروں افغان طالبعلم زیر تعلیم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان شہید بے نظیر جیسی خواتین پر فخر کرتا ہے۔
اس سے قبل، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مالی وسائل کی بہتر اور منصفانہ تقسیم کیلئے عالمی مالیاتی اداروں کی اصلاحات کی ضرورت پرزور دیا ہے۔
انڈونیشیا میں پندرہویں بالی ڈیموکریسی فورم میں اظہارخیال کرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ پائیدارترقی جمہوری نظام اوراس کی روایات کے تسلسل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ایک آزادمعاشرے کی بنیادجمہوریت ہے اور پاکستان نے اس کے لئے ہمیشہ کوشش کی ہے اورعوامی مفادات پرمبنی جمہوریت کے لئے کوششیں کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ افسانوی جمہوریت کی جگہ سچ پرمبنی جمہوریت کو فروغ دیناچاہیے۔