اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو وزیراعظم کے صاحبزادے سلمان شہباز کو اسلام آباد ایئر پورٹ اترنے پرگرفتاری سے روکتے ہوئے سلمان شہباز کو 13 دسمبر تک اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامرفاروق نے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پرسماعت کی۔
سلمان شہباز کے وکیل امجد پرویز عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
سلمان شہباز کے وکیل امجد پرویز نے بتایا کہ سلمان شہباز اکتوبر 2018 سے بیرون ملک ہیں، اس کے بعد مقدمہ درج ہوا، وہ 11 دسمبر کو سعودی ایئر لائن پر پاکستان واپس آئیں گے، ایئرپورٹ سے عدالت آنے تک سلمان شہباز کی گرفتاری روکی جائے۔
چیف جسٹس عامرفاروق نےریمارکس دیے کہ سلمان شہباز کی عدم موجودگی میں حفاظتی ضمانت نہیں دی جا سکتی، حفاظتی ضمانت کے لئے ان پرسن ہونا ضروری ہے ۔
عدالت نے ایف آئی اے کو سلمان شہباز کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔
گزشتہ روز سلمان شہباز نے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے حفاظتی ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔