سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ عالمی قوتیں پاکستان کے معاملات میں مداخلت کرتی ہیں، امریکا اور یورپ کو کہتے ہیں ہمیں دوستی قبول ہے لیکن کسی کی غلامی نہیں۔
کوئٹہ میں نواب اسلم رئیسانی کی جے یو آئی میں شمولیتی جلسے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، یہاں وسائل موجود ہونے کے باوجود مسائل ہیں جس کی وجہ یہاں کے لوگوں کا وسائل پر اختیار نہ ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیمعت علما اسلام حقوق کی علمبردار جماعت ہے جو ہمیشہ صوبوں کو اختیار دینے کی بات کرتی ہے، نواب اسلم رئیسانی کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں، یہ کافی عرصے سے رابطے میں تھے، کوشش ہوگی اسلم کے معیار کو برقرار رکھیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وسائل پر یہاں کے لوگوں کی دسترس نہیں، بلوچستان کی عوام کو صوبے کے وسائل کا مالک سمجھتے ہیں، ہمارا راستہ اور جدوجہد کا رخ جمہوری ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ امریکا اور یورپ کو کہتے ہیں دوستی قبول لیکن غلامی کسی صورت قبول نہیں، اسلم رئیسانی اور دیگر رہنماؤں کی رہنمائی میں بہت اچھا وقت آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشحالی کا دور آنے والا ہے، آئندہ الیکشن میں اتنی محنت کرنی ہوگی کہ اپنی حکومت بناسکیں تاکہ ریکوڈک سمیت تمام منصوبوں پر آزدانہ فیصلے کرسکیں۔