بنوں کے علاقے کنگر پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس ہیڈ کانسٹیبل سردار علی خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی ۔
گزشتہ شب کنگر پل پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا، حملہ ناکہ بندی ختم کرنے کے بعد پیش آیا۔
پولیس کے مطابق پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان10 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل سردار علی زخمی ہوگئے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
مقتول پولیس اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن بنوں میں ادا کر دی گئی، انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔
نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں ڈاکٹر محمد اقبال سمیت دیگر افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
ڈی پی او بنوں کا کہنا تھا کہ شہید کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، اور ورثاء کو یقین دلایا کہ واقعے میں ملوث افراد کو عنقریب کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔