وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی ہلاکت انتہائی افسوسناک واقعہ تھا، اس معاملے پر کینیا کے صدر سے بات کی تھی، صحافیوں کے حقوق کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں ، صحافی برادری میرے دل کے قریب ہیں ، آزادی اظہار رائے ہر معاشرے کے لئے ضروری ہے ۔
اسلام آباد میں جرنلسٹ سیفٹی فورم کےتحت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ آزادی اظہار رائے معاشرے اور ملک کیلئے اہمیت کی حامل ہے ، حکومت کی ترجیحات صحافیوں کی زندگی کا تحفظ کرنا ہے، ارشدشریف کی ہلاکت انتہائی افسوسناک واقعہ تھا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ارشد شریف کے معاملے پر کینیا کے صدر سے بات چیت کی، وزیرخارجہ بلاول بھٹو اس معاملے پر کینیا کے حکام سے رابطے میں تھے، ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس کو جوڈیشل کمیشن کیلئے خط لکھا، تمام صحافی برادری میرے دل کے بہت زیادہ قریب ہے، صحافیوں کا تحفظ،سیکیورٹی اور حفاظت بہت زیادہ ضروری ہے۔
،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ میڈیا کسی بھی جمہوری ریاست کا اہم ستون ہے، صحافیوں کے تحفظ کے لئے حکومت کی طرف سے اقدامات کیے جارہے ہیں،پاکستان نے صحافیوں کے تحفظ کے لئے قانون سازی کی، صحافیوں کے تحفظ کے لئے حکومت،میڈیا اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہے ۔