لاہور کی احتساب عدالت نے شراب لائسنس کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کردی۔
احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف شراب کے غیر قانونی لائسنس جاری کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
عثمان بزدار نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔
عدالت نے تفتیشی آفیسر سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو تحقیقات میں عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب ہے یا نہیں، جس پر نیب کے تفتیشی آفیسر نے بتایا کہ آج کی تاریخ تک ہمیں تحقیقات میں گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔
عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیا کہ آپ واضح ہدایات لے کر آئیں کہ آپ کو گرفتاری مطلوب ہے یا نہیں، اس طرح تو عدالت اس درخواست پر تاریخیں ڈالتی رہے گی۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کردی۔