ترکش ایئر لائنز کے ایک جہاز کو ہنگامہ آرائی کرنے والے پیسنجر کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑ گئی، جہاں مذکورہ مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترکش ایئرلائن کی پرواز ائیر بس ”اے 330“ ترکیہ کے دارالحکومت استنبول سے تھائی لینڈ کے شہر پھوکیٹ جا رہی تھی، اس دوران جہاز میں نشے میں دھت مسافر نے ہنگامہ آرائی کی، مسافروں کی شکایت پر کپتان نے کراچی ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔
لینڈنگ کی اجازت ملنے پر طیارے کو کراچی ایئرپورٹ اتارا گیا، جہاں سکیورٹی ادارے نے مسافر کو حراست میں لے کر آف لوڈ کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
دوسری سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ترجمان کی جانب سے جاریبیان میں کہا گیا کہ ترکیہ مسافر طیارہ کراچی ایئرپورٹ اترا مگر یہ ہنگامی لینڈنگ نہیں تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پائلٹ نے طیارہ نشے میں دھت مسافر کے ہنگامہ کرنے پر کراچی میں لینڈ کیا، جہاز مسافرکو آف لوڈ کیا گیا اور طیارہ دوبارہ اپنی منزل تھائی لینڈ کی طرف روانہ ہوگیا۔
ترجمان سی اے اے نے بتایا کہ مسافر کو ترکیہ ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔