Aaj Logo

شائع 01 دسمبر 2022 01:54pm

عمران خان اورپرویزالہیٰ میں پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل پر اہم مشاورت

پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی اورچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

اب سے کچھ دیرمیں پرویز الٰہی کی زمان پارک آمد متوقع ہے جس میں اہم مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے پرویزالہیٰ کے ہمراہ مونس الہی بھی ہوں گے۔

اس ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے حوالے سے اہم مشاورت اور وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہونے پرحکمت عملی پرگفتگو کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ گورنرپنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ کواعتماد کا ووٹ لینے کیلئے کہنے کی صورت میں درکار حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ عمران خان کل پنجاب کی پارلیمانی پارٹی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔

اس سے قبل خبرسامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے عام انتخابات کیلئے تیاریوں کا آغازکر تے ہوئے پنجاب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے پارلیمانی بورڈ کی تشکیل دینے پرکام شروع کردیا ہے۔

ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے تین ریجنز وسطی، جنوبی اور بالائی پنجاب پر مبنی بورڈز تشکیل دیے جائیں گے جن کی صدارت عمران خان خود کریں گے۔ اس کے علاوہ بورڈز میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور تینوں ریجنز کے صدور اور سیکرٹریز شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے 26 نومبرکوراولپنڈی جلسہ میں اعلان کیا تھا کہ وہ پنجاب اور خیرپختونخوا اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔

Read Comments