چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پاک فوج کی نئی قیادت کو عہدے سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہےکہ ریاست اور قوم کے درمیان اعتماد کا فقدان ختم کیا جائے گا۔
اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا، ”جنرل ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور جنرل عاصم منیر آرمی چیف بننے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔“
عمران خان کے مطابق ، ”امید کرتے ہیں کہ ملٹری کی نئی قیادت اعتماد کی وہ کمی ختم کرنے کیلئے کام کرے گی جو گزشتہ 8 ماہ میں ریاست اور قوم کے درمیان پیدا ہوئی۔“
سابق وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں مزید واضح کیا کہ ریاست کو طاقت عوام سے ملتی ہے۔
عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کاوہ اہم بیان بھی شیئرکیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ، ”یہ نہ بھولیں کہ مسلح افواج عوام کی خدمتگار ہوتی ہیں، اور یہ قومی پالیسی آپ نہیں بناتے۔ یہ ہم یعنی سویلینز ہیں جو ان امور کا فیصلہ کرتے ہیں۔“
قائداعظم نے اپنے اس تاریخی بیان میں افواج پاکستان سے کہا تھا کہ، ’یہ آپکی ذمہ داری ہے کہ اپ ان امورکی انجام دہی کریں جو آپ کے سپرد کیے جاتے ہیں‘۔