وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے معاملے پر ن لیگ نے اراکین اسمبلی سے دستخط کروانا شروع کر دیئے ہیں۔
ن لیگ کی جانب سے تمام اراکین اسمبلی کو مرحلہ وار طلب کرلیا گیا ہے، پہلے مرحلے میں لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژن کے اراکین کو طلب کیا گیا، جنہوں نے تحریک پر دستخط کردیئے۔
دوسری جانب ن لیگ کے ترجمان عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ آج ہونے والے اجلاس میں کل شروع ہونے والے مشاورتی سلسلے کو آگے بڑھایا گیا ہے، اجلاس میں آصف زرداری کی سیاسی بصیرت کو سراہا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بہت سے حکومتی ارکان ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔
گزشتہ روز بھی عطا تارڑ نے بیان دیا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونی چاہیئے، جس کیلئے ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی آخری حد تک جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے، آصف زرداری کی ہدایت پر پیپلزپارٹی کے وفد نے حمزہ شہباز سے ملاقات کی ہے جس میں تمام قانونی آپشنز پر بات کی گئی ہے۔
ترجمان ن لیگ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا نہ ڈالا جائے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ ہم ہر حربہ استعمال کریں گے لیکن پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے نہیں دیں گے، ہماری ہر طرح کی تیاری مکمل ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی بہتری کیلئے کام کرتے رہیں گے، ابھی تحلیل کو روکنے کے حوالے تمام معاملات پرمشاورت ہوئی ہے۔
اس موقع پر پی پی رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ چوردروازے سے آنے والے وہی راستہ اختیار کرتے ہیں، سابق حکومت کا بوجھ آج ہمارے سر پر ہے، ہمارا وژن ہے کہ اداروں کو مضبوط ہونا چاہئے، جمہوریت کی خاطر پیپلز پارٹی اتحادیوں کے شانہ بشانہ ہوگی۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی خاطر بے پناہ قربانیاں دیں۔