Aaj Logo

شائع 29 نومبر 2022 10:38am

اعظم سواتی کی درج مقدمات کیخلاف درخواست، سماعت جمعہ تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کی ملک بھر میں درج مقدمات اور تشدد کے خدشات کے خلاف درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے سینیٹر اعظم سواتی کی ملک بھر میں درج مقدمات اور تشدد کے خدشات کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

اعظم سواتی کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ اعظم سواتی اس وقت جسمانی ریمانڈ پر ہیں، ان کے خلاف 50 مقدمات درج ہو چکے، درخواست ہے سیکریٹری داخلہ کے ذریعے ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیل منگوائیں، تفصیلات ملنے تک میرے موکل کو کسی کے حوالے نہ کیا جائے، آئی جیز پر سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول ہوتا ہے۔

جس پر عدالت نے کہا کہ سیکریٹری داخلہ کا کنٹرول صوبائی آئی جیز پر کیسے ہوتا ہے؟ ہائیکورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سیکریٹری داخلہ سے ہدایات لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چیک کرکے بتائیں سیکرٹری داخلہ کا کنٹرول اس طرح ہے جس طرح بتایا جا رہا ہے؟۔

کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔

Read Comments