کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کے معاملے کا مقدمہ مقتول کے زخمی بیٹے ذیشان کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مدعی مقدمہ نے کہا کہ ہم سہراب گوٹھ جانے کیلئے گھر سے نکل کر موٹرسائیکل پر سوار ہوئے کہ اچانک موٹرسائیکل پر سوار دو ڈاکو موقع پر پہنچ گئے۔
مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ڈاکو کے ہاتھ میں اسلحہ تھا اور انہوں نے اسلحے کے زور پر ہم سے دو موبائل فونز اور پرس چھین لیے۔ مرحوم والد جیسے ہی گھر سے باہر آئے توڈاکو گھبرا گئے اور ڈاکو نے والد پرفائرنگ کردی اوروالد موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
مدعی مقدمہ نے کہا کہ مجھے اور بھائی کو بھی گولیاں لگیں، فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ بھی جمع ہوگئے، اہل محلہ نےدونوں ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، ایک ڈاکو موقع پر اور دوسرا دوران سفر ایمبولنس میں ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونےوالے ڈاکوؤں کی تاحال شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔