کسی بھی سیاسی جلسے کی کامیابی یا ناکامی کا نتیجہ اب سوشل میڈیاپروائرل تصاویر اورمتعلقہ دعووں سے لگایا جاتا ہے، حالانکہ تقریباً تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایسی ویڈیوز، تصاویراوردعوے ان گنت بارغلط ثابت ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمارے رہنما ’احتیاط کا دامن‘ نہیں تھامتے۔
ہفتہ 26 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کا راولپنڈی جلسے میں ہوا، پی ٹی آئی کے اہم اتحادی اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے بھی ٹوئٹرپراس جلسے کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئرکی۔
ویڈیو میں ٹریفک ایسے جام ہے کہ آپ پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی کی سڑکیں بھول جائیں جہاں آئے روز ٹریفک جام میں پھنس کرگھنٹوں انتظار معمول کی بات ہے۔
شیخ رشید کی ٹویٹ میں ایسا ظاہرکیا گیا کہ یہ ویڈیو 26 نومبر کو پنڈی جلسے کے دوران ہونے والے ٹریفک جام کی ہے، تاہم انہوں نے کیپشن میں کچھ بھی لکھنے سے گریز کیا۔
ایسی کسی صورتحال میں سوشل میڈیا صارفین کی نگاہ چُوک جائے، ایسا تو ممکن نہیں اسی لیے شیخ رشید کو بھی فوراً یاد دلایا گیا کہ یہ ویڈیو تو پاکستان کی ہے ہی نہیں۔
بمپرٹو بمپرٹریفک جام کی یہ ویڈیو ہرگز بھی راولپنڈی کی نہیں بلکہ یہ 2017 میں امریکی ریاست لاس اینجلس میں لیا گیا فضائی منظرتھا جب تھینکس گیونگ تعطیلات سے قبل سڑکوں پرایسی صورتحال دیکھی گئی۔
تبصرہ کرنے والوں نے ٹویٹس میں یہ حقیقت شیخ رشید کے بھی گوش گزار کی کہ ویڈیو امریکا کی ہے نہ کہ پاکستان کی۔
تبصرہ کرنے والوں میں لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق بھی شامل تھے جنہوں نے طنز کیا کہ ’لاس اینجلس جاگ اٹھاہے‘۔