گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سے معاہدے کے تحت ایڈمنسٹریٹر کراچی ایم کیو ایم کا ہوگا۔
کامران ٹیسوری اور ایڈ منسٹریٹر کراچی نے چڑیا گھر کا دورہ کیا جہاں مرتضیٰ وہاب نے گورنر سندھ کو جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعلٰی کی قیادت میں سندھ میں اچھا کام ہو رہا ہے، کراچی منی پاکستان ہے، صوبائی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ پی پی سے کیے گئے معاہدے کے تحت ایڈمنسٹریٹر کراچی اور شہر کے تینوں ڈی ایم سیز ایم کیو ایم کے ہوں اور جب تک معاملات طے نہیں ہوں، مرتضیٰ ایڈمنسٹریٹر رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب اچھا کام رہے ہیں، کراچی کے دیگر پارکس کی بہتری کے لئے میرا تعاون رہے گا۔
اس موقع پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جھیل پارک مصطفی کمال کےدور میں بنا تھا جو آج بھی خوبصورتی کے مناظر پیش کر رہا ہے۔
ایڈمنسٹیٹر کراچی کا کہنا تھا کہ شاہین پولیس کا شہید اہلکار وردی میں تھا، ان کے قاتل کو فرار کرانے والوں کو گرفتار کریں گے جب کہ مرکزی ملزم خرم کی گرفتاری کے لئے انٹرپول کی بھی مدد لیں گے۔