سابق وفاقی وزیر اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری نے وفاقی حکومت سے ایک بار پھر عام انتخابات پررضامندی ظاہر کرنے کا مطالبہ کردیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کے بیان کے رد عمل میں فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثناء اللہ بتا رہے ہیں مارچ کو سکیورٹی خدشات ہیں، ان کا کام خبریں سنانا نہیں بلکہ سکیورٹی فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف، مریم نواز پاکستانیوں کے پیسے پر تفریح کر رہے ہیں جب کہ شہباز شریف اور کابینہ نے 40 دن میں دنیا گھومنے کا تہیا کیا ہوا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو الیکشن کرانے پڑیں گے، انتخابات کرانے کے علاوہ ان کے پاس کوئی آپشن نہیں، بہترہے الیکشن کی جانب خود چلے جائیں، ہم مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نتخابات پر رضامندی ظاہر کر دے اوراداروں کو سیاسی فیصلوں کا حصہ نہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں فریم ورک خود طے کریں، عوام کو اسٹیک ہولڈر تسلیم کیا جائے اور حکمران عوام کے لئے فیصلوں کو حتمی مانیں کیونکہ ملک نے آگے بڑھنا ہے تو جمہوریت بحال کرنا ہوگی۔
ایک اور ٹویٹ میں پی ٹی آئی رہنما نے لکھا کہ آصف زرداری سندھ میں باہر نہیں نکل سکتے پنجاب میں ان کی کیا حیثیت ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس بار سندھ کے دیہی علاقوں میں پیپلز پارٹی کا صفایا ہو گا اور صوبے کی عوام کو سیاسی حقوق ملیں گے جب کہ ڈاکوؤں کا خاتمہ اور مافیا اپنے انجام کو پہنچے گا۔