وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیلئے انتباہ جاری کیا ہے کہ عمران خان الیکشن کے لیے سیاستدانوں سے ملیں، اب پنڈی تاریخ نہیں دے گا۔
رانا ثناء نے عوام کو پی ٹی آئی کے جلسے سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے آئینی حدود میں رہنے کے فیصلے کی پوری قوم نے حمایت کی ہے مگر ایک سیاسی رہنما نے ایسا اندازاپنایا جس میں طعنہ زنی سے گالی گلوچ تک گئے یہاں تک بلیک میلنگ تک پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس فتنے فساد کے عمل میں ان کا ساتھ نہ دیں ، ہم نے عمران خان سے کہا ہے کہ آپ اجتماع نہ کریں کیونکہ کوئی بھی دہشت گرد فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
رانا ثناء کے مطابق عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ مارچ ملتوی کردیں کیونکہ ان کی جان کو خطرات موجود ہے جبکہ ہم نے حکومت کی جانب سے ایڈوائزری بھی جاری کی ہے لیکن وہ اپنے فیصلے پربضد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح جدوجہد کے لیے لوگوں سے حلف لیے گئے مسلح افواج کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان کے بہترین مفاد میں آرمی سربراہ کا تقررآئین طورپرمکمل ہوگیا ہے جبکہ پاکستان کی ترقی کا رازآئین وقانون کی حکمرانی میں ہے۔
وزیرداخلہ نے بتایا کہ کل پی ٹی آئی کے جلسے کے چاروں اطراف سخت حفاظتی اقدامات لیے جارہے ہیں اور بغیر تلاشی کے کسی کو داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ یہ کوئی آزادی مارچ نہیں بلکہ فتنہ مارچ اور پاکستان کی معیشت کی تباہی کا مارچ ہے۔