پاک فوج میں سینئر ترین افسر لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر ڈی جی آئی ایس آئی ، کور کمانڈر گوجرانوالہ اور ڈی جی ایم آئی سمیت کئی اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں ۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر پاکستان ملٹری اکیڈمی سے فارغ التحصیل نہیں ہیں، انہوں نے آفیسرز ٹریننگ اسکول منگلا سے تربیت مکمل کرکے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو دوران تربیت بہترین کارکردگی پر اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، تربیت مکمل کرنے کے بعد انہوں نے فرنٹیئر فورس رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر حافظ قرآن بھی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے بطور لیفٹننٹ کرنل مدینہ منورہ میں تعیناتی کے دوران قرآن پاک حفظ کیا۔
عاصم منیر کا پروفائل انتہائی مضبوط ہے۔ انہوں نے کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔
عاصم منیر 2014ء میں کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریا تعینات ہوئے، وہ 2017ء میں ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس کے عہدے پر فائز ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کواکتوبر 2018ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی پھر انہیں ڈی جی ملٹری آئی ایس آئی تعینات کیا گیا، جہاں کچھ عرصہ خدمات کی انجام دہی کے بعد انہیں جون 2019ء میں کور کمانڈر گوجرانوالہ بنادیا گیا۔
عاصم منیر وہ پہلے چیف آف آرمی اسٹاف ہوں گے جو ایم آئی اور آئی ایس آئی دونوں خفیہ اداروں کی سربراہی کر چکے ہیں۔
عاصم منیر اکتوبر 2021ء سے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو )میں کوارٹر ماسٹر جنرل فرائض سرانجام دے رہے تھے۔