سپریم کورٹ نے نیب کیس میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما حمزہ شہباز کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کو گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرفتاری سے قبل ملزم کو آگاہ کرنے کی قانون میں کوئی شرط نہیں ہے، گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا لاہور ہائیکورٹ کا حکم خلاف قانون ہے، حمزہ شہباز کو گرفتاری سے 10 دن قبل آگاہ کرنے کا حکم عدالتی نظیر کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔
سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا حکم غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر کیس نمٹا دیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کو صاف پانی، رمضان شوگر ملز اور آمد سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری سے قبل آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا ۔