اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید، عامر کیانی اور راجہ خرم نواز کی ضمانت منظورکرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کارسرکارمیں مداخلت مقدمے میں درخواست ضمانت کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے فیصل جاوید، عامر کیانی اور راجہ خرم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے گزشتہ روز دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فیصل جاوید نے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو دہشت گرد بنادیا، متعدد مقدمات کیے گئے، گنتی ختم ہوگئی لیکن مقدمات ختم نہیں ہورہے۔
فیصل جاوید نے مزید کہا کہ ملک کے برے حالات ہیں، معیشت گِرگئی ہے، شفاف انتخابات کی جانب جلد جائیں گےجبکہ راولپنڈی میں پرامن احتجاج ہوگا۔
گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور کارسرکار میں مداخلت سے متعلق کیسز میں اسد عمر اور علی نواز خان سمیت دیگر 6 ملزمان کی ضمانت منظور کی تھیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ سنگجانی اور تھانہ آئی نائن میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔