آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ چھاؤنی کا الوداعی دورہ کیا اور بلوچستان میں امن و استحکام کے لئے کوئٹہ کور کی کوششوں کی تعریف کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیااوریادگار شہداء پر حاضری دی اورفاتحہ خوانی کی، انہوں نے پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔
بعد ازاں آرمی چیف نے کور کے افسران اورجوانوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبے میں امن و استحکام کے لئے کوئٹہ کور کی کوششوں کی تعریف کی اور سیلاب کے دوران صوبائی حکومت کی مدد اور امدادی کاموں میں افسروں اور جوانوں کی کوششوں کو سراہا۔
دورے کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے شیخ محمد بن زید النہیان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کوئٹہ کا افتتاح کیا، کوئٹہ میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے قائم 120 بستروں کی پہلی کارڈیک سہولت کا ہے۔
آرمی چیف نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کوئٹہ میں بلوچستان کی آبادی کی خدمت کرے گا۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے صدرپاکستان کی جانب سے یو پی اے پی کے ڈائریکٹر ایچ ای عبداللہ خلیفہ سعید الغافیلی کو ستارہ قائداعظم سے نوازا۔
دورے کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اوراسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا اور فیکلٹی اور طلباء کے افسران سے بات چیت بھی کی۔
قبل ازیں کوئٹہ پہنچنے پرکورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔