پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی، اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں 3 دسمبر کی نئی تاریخ مقررکر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے ایڈیشل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔
شہبازگل کی جانب سے 2 درخواستیں دائر کی گئیں، وکیل شہبازگل نے کہاکہ فئیر ٹرائل کے لئے ملزمان کا معلوم ہونا ضروری ہے، پتہ چلا ہے 7 سے 8 دیگر ملزمان بھی ہیں، ملزمان کی فہرست فراہم کی جائے ۔
پبلک پراسکیوٹر نے 2 ملزمان ہونے کا بتایا۔
شہبازگل کے وکیل نے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی تو پراسکیوٹر راجہ رضوان عباسی بولے عدالت کوئی قریب کی تاریخ رکھ لے۔
جج نے مسکراتے ہوئے پوچھا کہ آئندہ سماعت 26 نومبررکھ لیں؟ اس دن شہبازگل نے ویسے بھی آنا ہے جس پر شہباز گل نے راستوں کی بندش کا عذر پیش کیا۔
عدالت نے شہبازگل پرفرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 3 دسمبر تک مؤخر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔